فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) صدر فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ نے حکو مت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں فوری طور پر 32 روپے فی لیٹر کی کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صنعت ، تجارت، زراعت اور عام صارفین کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی سے ٹرانسپورٹیشن، صنعتی پیداوار، زرعی سرگرمیوں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں کاروباری لاگت کم اور عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات اور کاروباری برادری کو درپیش بلند پیداواری اخراجات کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی ضرورت ہے۔فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں براہِ راست معیشت کے تقریباً ہر شعبے کو متاثر کرتی ہیں۔ خام مال کی نقل و حمل سے لے کر تیار مصنوعات کی مارکیٹ تک ترسیل، بجلی و توانائی کے اخراجات اور زرعی شعبے کی سرگرمیاں براہ راست ایندھن کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اس لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے، پیداواری لاگت کم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور دیگر متعلقہ عوامل میں کمی کا فائدہ براہِ راست پاکستانی صارفین اور کاروباری طبقے کو منتقل کیا جائے اور پٹرول سمیت دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی مناسب کمی کی جائے۔صدر چیمبر نے کہا کہ حکومت کو صنعت و تجارت کے لیے توانائی کے اخراجات کم کرنے، ٹیکس اور ریگولیٹری بوجھ میں کمی اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ اس سے نہ صرف صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ برآمدات، روزگار اور ملکی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔




