ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کے جائز حقوق کے تحفظ اور زمینوں کے تنازعات کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقداما ت جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر صدارت پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ کے تحت سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ، ڈی ایس پی آ صف شیرازی، اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق ڈوگر اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں زمینوں کی ملکیت اور قبضہ سے متعلق موصولہ درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ سکروٹنی کمیٹی نے مختلف کیسز کی فردا فردا سماعت کی۔کمیٹی کی جانب سے متعلقہ کیسز میں ریونیو ریکارڈ، دستیاب ثبوت و شواہد اور تحقیقات کی روشنی میں سفارشات مرتب کی گئیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کیلئے ٹربیونل کو بھجوایا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ زمینوں کے تنازعات سے متعلق کیسز میں حقائق اور دستیاب شواہد کی روشنی میں سفارشات تیار کی جا رہی ہیں۔ تمام متعلقہ محکمے زمین کی ملکیت، قبضہ اور دیگر ریونیو ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے ازالے اور جائز حقوق کے تحفظ کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ مالکان کو ان کا جائز حق دلانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اور تمام ثبوت و شواہد کی روشنی میں تحقیقات مکمل کرکے سفارشات ٹربیونل کو بھجوائی جا رہی ہیں۔




