مسقط(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیاگیاکہ پاکستان اور عمان کے درمیان ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کیا جائے گا۔ اعلایمہ کے مطابق پاکستان اور عمان کا مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر وزیر تجارت کو مبارکباد، عمان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہاکہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں۔عمانی وزیر تجارت نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔ علی پرویز ملک نے کہاکہ آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دوطرفہ تعاون کا مؤثر روڈ میپ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور عمان کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ علی پرویز ملک نے کہاکہ پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔




