فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی اور ضلعی پولیس کیساتھ مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈیافتہ 2 ڈاکو ہلاک، تیسرا زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش شعبہ مارچری اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اقبال ٹائون کے انچارج علی اکرام گورایہ’ سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ’ اقبال ٹائون کے انچارج ارم رضا شاہ ساتھیوں کے ہمراہ منصور ملنگی روڈ ککوآنہ موڑ پر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، تاہم فائرنگ کا تبادلہ رکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے، جنہوں نے اپنا نام ذیشان ولد عبدالسلام سکنہ 223 رب اور امجد ولد بوٹا سکنہ 263 رب ڈجکوٹ بتایا۔ جنہیں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے، مرنے والے ریکارڈیافتہ ڈاکو اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے جبکہ ان کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے جبکہ ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ غازی رضوان جاوید نے نگہبان پورہ کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام زید الرحمن بتایا جو کہ متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر دیا۔




