عادل رشید نے کامیاب لیگ اسپنسرز میں اپنی جگہ بنا لی

کراچی (سپورٹس نیوز) کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 12ویں سیزن کے لیے انگلینڈ کے مایہ ناز لیگ اسپنر عادل رشید کو براہِ راست سائن کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔دور حاضر کے بہترین وائٹ بال اسپنرز میں شمار ہونے والے عادل رشید اپنے ساتھ بین الاقوامی تجربہ، شاندار ریکارڈ اور میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت لے کر کراچی کنگز کے اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔ ایک دہائی سے زائد عرصے تک انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ رہنے والے عادل رشید نے جدید کرکٹ کے کامیاب ترین لیگ اسپنرز میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ اپنی ورائٹیز، بہترین کنٹرول، گیند کو ٹرن کرانے کی صلاحیت اور اہم مواقع پر حریف ٹیم کی شراکتیں توڑنے کی مہارت کے باعث عادل رشید دنیا کے بہترین بلے بازوں کے خلاف مسلسل متاثر کن کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔ان کا بین الاقوامی ریکارڈ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے 330 سے زائد بین الاقوامی میچز کھیلنے والے عادل رشید ٹیسٹ، ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 470 سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے کھاتے میں 244 ون ڈے اور 172 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹیں شامل ہیں، جس کے باعث وہ انگلینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر اور ون ڈے کرکٹ میں ملک کے دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں۔عادل رشید انگلینڈ کے پہلے مرد اسپنر تھے جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا، جو انگلش کرکٹ کی تاریخ میں ان کی نمایاں حیثیت کا ایک اور ثبوت ہے۔ان کے اعزازات اور کامیابیوں کی فہرست بھی ان کے غیر معمولی کیریئر کی عکاسی کرتی ہے۔ عادل رشید 2019 میں انگلینڈ کی تاریخی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ فتح اور 2022 میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا اہم حصہ تھے۔ اور 2015 میں مسلسل دو کانٹی چیمپئن شپ ٹائٹلز جیتے۔ کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں 2023 میں انہیں ایم بی ای (MBE) کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں