ممبئی (شوبز نیوز) بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے مقبول ٹیلی ویژن کوئز شو کون بنے گا کروڑ پتی کے ایک مبینہ سوال نے بھارتی ریاست پنجاب میں تنازع کھڑا کردیا۔ اس معاملے میں بھارتی پنجاب کے ضلع سنگرور سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل نے امیتابھ بچن اور سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کو قانونی نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کر لی۔شکایت کنندہ وکیل کا الزام ہے کہ شو میں پوچھے گئے ایک سوال کے ذریعے ریاست پنجاب کو جرائم اور پولیس تھانوں پر بم دھماکوں سے جوڑ کر ریاست کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔یہ تنازع سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کلپ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں مبینہ طور پر امیتابھ بچن ایک امیدوار سے 12لاکھ50ہزار بھارتی روپے کے سوال کے طور پر پوچھتے دکھائی دیتے ہیں حال ہی میں کس ریاست میں مجرم پولیس تھانوں پر بم دھماکے کرنے سے خوف محسوس نہیں کرتے؟ اس سوال کے ممکنہ جوابات میں ریاست اتر پردیش، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال اور پنجاب کے نام شامل دکھائے گئے ہیں۔




