ADCGکا ناروا سلوک،تمام مکاتب فکر کے لوگ حافظ شعیب عامر کی آواز بن گئے

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار)اساتذہ سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگ اے ڈی سی جی کے ناروا سلوک پر سراپا احتجاج،یوم تشکر کی تقریب میں معزز استاد کے ساتھ بد تمیزی انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ تفصیلات کے مطابق معرکہ حق میں پاک فوج کی کامیابی پر نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی یوم تشکر کی تقریب میں فیصل آباد کے ماہرین تعلیم، علمی وادبی شخصیات میں ایک معتبر نام معزز استاد حافظ شعیب عامر کے ساتھ طلبا و طالبات، ٹیچرز، والدین اور دیگر شہریوں کے سامنے ناروا سلوک کرنے پر اساتذہ ،نجی تعلیمی اداروں کے مالکان،سیاسی و سماجی شخصیات سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگ حافظ شعیب عامر کی آواز بن گئے۔ تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اے ڈی سی جی طیب سمیع خان نے جس موقع پر حافظ شعیب عامر کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا ہے انتہائی شرم ناک ہے اس حرکت سے ان کی تربیت عیاں ہو تی ہے ایسے افسران دوسرے افسران کیلئے بھی شرمندگی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے عہدے کے نشے میں معزز استاد کے ساتھ فرعونی رویہ اختیار کیا، وکلائ، صحافی، سول سوسائٹی اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے بھرپور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اے ڈی سی جی طیب سمیع خان جیسے افسران اس عہدے کے لائق نہیں ہیں افسران تو عوام کیلئے رول ماڈل ہوتے ہیں، اساتذہ کی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے۔ اساتذہ کے ساتھ ناروا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اے ڈی سی جی طیب سمیع خان جیسے افسران اس عہدے کے لائق نہیں ہیں ان کو فوری طور پر معطل اور ضلع بدر کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں