24

AIکی دوڑ،مسلم دنیامیں UAE سب سے آگے

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا آج مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن ہے اور تقریبا ہر ملک میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے،پاکستان بھی اس سلسلے میں پیچھے نہیں رہا اور مختلف شعبوں میں اے آئی ٹولز کے استعمال کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ صارفین مختلف اے آئی ایپلیکیشنز سے بھی استفادہ کر رہے ہیں۔مائیکروسافٹ کے اے آئی اکنامی انسٹیٹیوٹ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ اے آئی استعمال کرنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات، سنگاپور اور ناروے نمایاں ہیں۔ یو اے ای اور سنگاپور میں تقریبا نصف سے زائد لوگ روزمرہ کے کاموں میں اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں، جس سے یہ ممالک عالمی درجہ بندی میں آگے ہیں، مسلم دنیا میں بھی یو اے ای سب سے آگے ہے، جبکہ سعودی عرب، قطر، ملائیشیا اور انڈونیشیا بھی تعلیم، ڈیٹا سینٹرز اور حکومتی پروگرامز میں اے آئی کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔اسرائیل بھی جدید اے آئی ماڈلز بنانے والے ممالک میں شامل ہے، جبکہ امریکہ، چین، جنوبی کوریا، فرانس، برطانیہ اور کینیڈا اس فہرست میں سر فہرست ہیں، پاکستان میں صرف 15 فیصد سے بھی کم لوگ اے آئی ٹولز استعمال کر رہے ہیں، اس کی بنیادی وجوہات میں انٹرنیٹ کی محدود دستیابی، ڈیجیٹل مہارتوں کی کمی اور مقامی زبانوں میں اے آئی ٹولز کی کمی شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق وہ ممالک جہاں لوگ اپنی مادری زبان میں اے آئی استعمال کر سکتے ہیں، وہاں ٹیکنالوجی کی قبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے، رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان اس فرق کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ ہر قوم اس جدید ٹیکنالوجی کے فوائد سے یکساں طور پر مستفید ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں