ASPشہربانو نقوی ایشیاء سوسائٹی فیلو شپ کیلئے منتخب

لاہور (بیوروچیف) پاکستانی خاتون پولیس افسر کو بین الاقوامی سطح پر ایک بڑا اعزاز حاصل، اے ایس پی شہربانو نقوی کو ایشیا سوسائٹی کی “ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن فیلوشپ کلاس آف 2025” کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ انتخاب معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ اور نظام میں مثبت تبدیلی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس باوقار فیلوشپ کے لیے ایشیا کے 27 ممالک سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 30 افراد کا انتخاب عمل میں آیا، جن میں اے ایس پی شہربانو نقوی پاکستان بھر کی نمائندگی کرتے ہوئے منتخب ہونے والی پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون پولیس افسر بن گئی ہیں۔ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن سمٹ رواں سال 5 سے 7 دسمبر تک فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منعقد ہوگا، جس میں منتخب شرکا معاشرے کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے پائیدار اور عملی تجاویز پیش کریں گے۔اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی شہربانو نقوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنا قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جانا پولیس سروس کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اے ایس پی شہربانو نقوی جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس کی قیادت میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایشیا سوسائٹی ایک مثر، پیشہ ور اور باوقار تنظیم ہے جو ہر سال مختلف شعبوں میں قائدانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کو فیلوشپ کے لیے منتخب کرتی ہے۔ سوسائٹی کا مقصد نوجوان لیڈرز کو معاشرتی بہتری اور کمیونٹی کے تحفظ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں