BISPکے نظام میں بڑی تبدیلی،مستحق خواتین کو مالی امداد بنک سے ملے گی

اسلام آباد (بیوروچیف) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مالی امداد کے نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا۔ بی آئی ایس پی 13اگست 2025سے اپنے نئے ”صحت اکائونٹس” ادائیگی نظام کا آغاز کرنے جا رہا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت مستحق خواتین کو مالی امداد براہ راست ان کے ذاتی بینک اکائونٹس میں منتقل کی جائے گی تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی، ایجنٹ یا فرنچائز کے خود فنڈز تک رسائی حاصل کر سکیں۔ اس اقدام کے تحت ملک کے 7بڑے اضلاع میں فائدہ اٹھانے والے براہ راست ادائیگی حاصل کرنے کے لیے اپنی پسند کے بینک اکائونٹس کھول سکیں گے، یہ نقد کی منتقلی کے روایتی طریقوں سے زیادہ لچکدار، محفوظ، اور باوقار ادائیگی کے ماڈل میں تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کے لیے ذاتی بینک اکائونٹس کھولے جائیں گے،جس کا مقصد مالی امداد کی فراہمی کو شفاف، موثر اور باوقار بنانا ہے.ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا پائلٹ مرحلہ 14 اگست 2025 سے ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد اور پشاور میں شروع کیا جائے گا، اس مرحلے کے تحت مالی امداد براہ راست مستحق خواتین کے ذاتی بینک اکائونٹس میں منتقل کی جائے گی، تاکہ وہ آسانی سے، خودمختار انداز میں اور بغیر کسی انسانی مداخلت کے اپنے فنڈز تک رسائی حاصل کر سکیں، خواتین کو ادائیگیوں کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل والٹ اکاونٹس پر بھی کام جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام پاکستان کا مستقبل ہے جو مستحق خاندانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے گا۔ ہمیں اس پروگرام پر عملدآمد کیلئے ، صوبائی ٹیوٹاز، منسٹری آف اورسیز اور کے پلیٹ فارم سے تما م اسٹیک ہولڈرز کی معاونت اور تعاون حاصل ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آج ایک عالمی شہرت یافتہ فلاحی پروگرام بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں