CCDسے مبینہ مقابلہ میں شاہ گینگ کا خطرناک شوٹر ماراگیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ 78 گ ب کے قریب سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ کے دوران شاہ گینگ کا خطرناک شوٹر عمران عرف مانی بھی اپنے انجام کو پہنچ گیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے گولی لگنے سے کانسٹیبل فیصل شکیل بھی زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ مدینہ ڈویژن سی سی ڈی کے انچارج علی اکرام گورائیہ کو اطلاع ملی تھی کہ گلفام شاہ گینگ کا خطرناک شوٹر 78گ ب میں آیا ہوا ہے، جس پر انہوں نے اپنے عملہ کے ہمراہ 78 گ ب میں ڈیرہ پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ ملزمان کی فائرنگ سے گولی کانسٹیبل فیصل شکیل کی ٹانگ میں لگی جسے فوری طور پر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔ کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے دیکھا تو ایک ڈاکو مرا پڑا تھا۔ جسکی شناخت عمران عرف مانی کے نام سے ہوئی جو کہ گلفام شاہ گروپ کا خطرناک شوٹر نکلا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔ یاد رہے کہ سی سی ڈی نے قبل ازیں بھی 237 رب کھڈیاں کے گلفام شاہ گینگ کے سگے چار بھائیوں اور دیگر افراد کو منطقی انجام کو پہنچا چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں