8

CMانٹرن شپ پروگرام،62طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیر نگرانی ابتدائی طبی امداد کی تربیت مکمل کرنے والی طالبات کے لیے تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن ر ندیم ناصر، ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق، وائس چانسلر جی سی وومن ڈاکٹر کنول، چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تسنیم اختر جمیل، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق، سی او میونسپل کارپوریشن علی عباس بخاری کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیر نگرانی مختلف یونیورسٹیز کی 62 طالبات کو پاکستان لائیو سیونگ پروگرام ٹریننگ دی گئی۔ تربیتی سیشن میں جدید طبی آلات کے استعمال، ہنگامی صورتحال کے دوران ایمرجنسی سے نمٹنے کی مختلف تکنیکس کے بارے بتایا گیا۔ تربیت میں سی-پی-آر، چوٹ لگنے کی صورت میں خون کے بہا کو روکنا، وائٹل سائن چیک کرنا، مریض کو سٹریچر کی مدد سے ایمبولینس میں منتقل کرنا اور فائر سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں مکمل آگاہی اور عملی مشقیں بھی کروائی گئیں ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ ٹریننگ مکمل کرنے والی طالبات کو شہر بھر کے مختلف ریسکیو سٹیشنز پر تعینات کیا جائے گا جہاں انہیں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے عملی طور پر بھی آگاہی ملے گی۔ سی ایم انٹرن شپ پروگرام کا مقصد تربیت حاصل کرنے والوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے اور بڑے پیمانے پر ہونے والے حادثات اور قدرتی آفات کے دوران پیشہ ور افراد کے ساتھ مل کر کام کرنے کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو سکاٹس کے جوش و جزبے کو مزید تسلیم کرتے ہوئے انہیں معاشرے اور مستقبل کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے سی ایم انٹرن شپ پروگرام اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لئے ریسکیو 1122 کی اس کاوش کو خوب سراہا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مہمانانِ خصوصی کو عزازی شیلڈز پیش کی اور ریسکیو 1122 کی جانب سے تربیت حاصل کرنے والی طالبات میں اعزازی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں