20

CPOآفس کے باہر اندھادھند فائرنگ،1قتل ،عدالتی نائب کورٹ اور ایک راہگیر زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آج صبح سیشن کورٹ کے باہر’ سی پی او آفس کے سامنے تاریخ پیشی پر آئے مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے مخالف کو قتل کر دیا جبکہ گولیاں لگنے سے عدالت کا نائب کورٹ اور راہگیر بری طرح زخمی ہو گئے جبکہ موقع پر موجود ایلیٹ فورس نے بروقت کارروائی کر کے فائرنگ کرنے والے ملزمان کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او کامران عادل’ ایس پی رحمان قادر’ ڈی ایس پی میاں عامر وحید اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ضلع کچہری میں آئے روز مخالفین کی لڑائی جھگڑے’ فائرنگ کے واقعات میں اضافہ سے سکیورٹی پر سوالیہ نشان اٹھا دیئے۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پنجاب نے بھی فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ افسران کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹھیکری والا کے علاقہ 74 ج ب کے رہائشی ملک عمران اور شہروز وغیرہ کے درمیان قتلوں کی دشمنی چلی آ رہی تھی اور ملک عمران کا بھائی قتل کے جرم میں جیل میں ہے۔ آج صبح دونوں پارٹیاں تاریخ پیشی پر آئیں تو تاریخ پیشی بھگتنے کے بعد 74 ج ب کا رہائشی 34سالہ ملک عمران ولد ملک شان سیشن کورٹ سے باہر نکلا تو اس کا تعاقب کرنے والے مخالف موٹرسائیکل سواروں نے سی پی او آفس کے سامنے اس پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے ملک عمران بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کا نائب کورٹ پرویز نواز ولد نواز سکنہ سول کوارٹر اور راہگیر 21سالہ محمد امین ولد تصدیق حسین سکنہ کوکیانوالہ بری طرح زخمی ہو گئے، فائرنگ کی وجہ سے تاریخ پیشی پر آئے افراد میں بھگدڑ مچ گئی، تاہم سی پی او آفس کی سکیورٹی پر مامور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے فائرنگ کرنے والے موٹرسائیکل سوار ملزمان شہروز اور عامر کو حراست میں لیکر خفیہ مقام پر منتقل کر دیا اور زخمی ہونیوالا ملک عمران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 نے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کرد یا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلع کچہری میں تاریخ پیشی پر آنیوالے متحارب گروپوں میں فائرنگ’ لڑائی جھگڑے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور سیشن کورٹ کی ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی عملہ تاریخ پیشی پر آنیوالوں کی تلاشی کا مناسب انتظام نہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں