CPOآفس کے باہر ہوائی فائرنگ کرنیوالا پکڑا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مقدمہ قتل کی تاریخ پیشی پر آئے دو گروپوں میں تصادم’ سی پی او آفس کے باہر ہوائی فائرنگ کرنے والا نوجوان پکڑا گیا’ سول لائن پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز تھانہ نشاط آباد کے مقدمہ قتل میں ملوث دونوں فریق عدالت میں پیش ہوئے تو ملزم فریق کے وکیل عصمت سندھو اور مدعی مقدمہ ناصر کے وکیل عمران بلال کی کسی بات پر تلخ کلامی ہو گئی تو دونوں فریق ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے۔ مدعی مقدمہ ناصر نے سیشن کورٹ کے باہر نکلتے ہی سی پی او آفس کے باہر ہوائی فائرنگ کر کے خوف وہراس پھیلا دیا۔ تاہم موقع پر موجود سی پی او آفس کے باہر سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والے ناصر کو اسلحہ سمیت پکڑ کر حوالہ پولیس کر دیا۔ سی پی او بلال عمر کا کہنا ہے کہ امن عامہ میں خلل ڈالنے اور قانون شکنی کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں