CPOکی کما ن کمزور،تھانیدار منہ زور،افسران کے دفاتر ،تھانوں،چوکیوں میں سائلین کیساتھ ناروا سلوک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی شرافت یا کمزور کمان کے باعث تھانیدار منہ زور ہو گئے’ تھانیداروں نے دادرسی کیلئے آنے والے سائلین کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان کے ساتھ ناروا سلوک کو وطیرہ بنا لیا’ سی پی او کا ریڈر شیخ ندیم بھی ان ظالم تھانیداروں کا حمایتی اور سائلین کیلئے جلاد بن گیا۔ ذرائع کے مطابق ضلع بھر کے چوکی’ تھانوں اور دفاتر میں تعینات تھانیدار سی پی او کی شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے دادرسی کیلئے آنیوالے سائلین کو خوار کرنے لگے۔ درخواست گزاروں کے مسائل حل کرنے کی بجائے کبھی ایک افسر اور کبھی دوسرے افسروں کے پاس بھجوا دیتے ہیں۔ سائل ظالم تھانیداروں کا کئی گھنٹے انتظار کرنے کے بعد گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ تھانیدار اکثر سائلین کو صبح وشام کا وقت دیکر چوکی تھانوں سے غائب رہتے ہیں اور اگر سائلین تھانیداروں کے رویہ سے تنگ آ کر سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کو درخواست گزارتے ہیں تو وہاں پر موجود سی پی او کا ریڈر شیخ ندیم ان ظالم تھانیداروں کا حمائتی بن کر سائلین کو سی پی او کے روبرو پیش ہی ہونے نہیں دیتا۔ یاد رہے کہ شیخ ندیم نائب ریڈر سے لیکر ریڈر بننے تک سی پی او آفس میں براجمان ہے۔ ظالم اور کرپٹ تھانیداروں سے سازباز کرتے ہوئے سائلین کیلئے جلاد بن گیا۔ جس کے لیے سی پی او آفس سونے کی کان بن گیا۔ ظالم اور کرپٹ تھانیداروں کی مثلیں اور ان کی پردہ پوشی کرتے ہوئے کرپشن کے ریکارڈ قائم کرتے ریڈر صاحب سے سیٹھ صاحب بن گیا۔ سی پی او کے نوٹس لینے کے باوجود تھانیداروں کے خلاف سائلین کی شکایات کی درخواستیں غائب کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا جبکہ افسروں کے سامنے پیش ہوتے ہوئے باادب’ پاک باز اور ایمانداری کا لبادہ اوڑھ کر ”مینا” کا کردار اد اکرتا ہے۔ سائلین نے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سے مطالبہ کیا ہے کہ ظالم اور کرپٹ تھانیداروں کے حمایتی بننے والے ریڈر اور اس کے ظالم ساتھی تھانیداروں کو لگام ڈالنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ قانون پسند اور شریف شہریوں کو انصاف حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں نہ کھانا پڑیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں