Dگراؤنڈ ریڈیو سٹیشن کے بالمقابل گرین بیلٹ (پارک)میں سیوریج کے پانی نے تباہی مچا دی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی غفلت’ لاپرواہی اور عدم توجہ کے باعث شہر کے پوش علاقہ پیپلزکالونی نمبر1 ڈی گرائونڈ ریڈیو اسٹیشن کے بالمقابل گرین بیلٹ (پارک) میں سیوریج کے پانی نے تباہی مچا دی، تعفن اُٹھنے سے اہل علاقہ کا سانس لینا بھی دوبھر ہو گیا۔ گرین بیلٹ اور سڑک پر سیوریج کے گندے پانی کے باعث لوگوں کا گزرنا بھی محال ہو چکا ہے جبکہ محکمہ واسا اور پی ایچ اے حکام نے چپ سادھ رکھی ہے۔ تفصیل کے مطابق پیلزکالونی نمبر1 ڈی گرائونڈ ریڈیو اسٹیشن کے بالمقابل گرین بیلٹ میں سیوریج کے پانی سے پودے’ درخت اور سبزہ تباہ ہو گیا۔ گرین بیلٹ کے اطراف میں ڈاکٹرز کے کلینکس’ سکول اور شہر کے معروف ادارے کے دفاتر بھی موجود ہیں جہاں پر لوگوں کا آنا جانا بھی عام ہے۔ اہل علاقہ کی جانب سے کئی مرتبہ محکمہ واسا کو سیوریج کی لائن کی صفائی کے لیے کہا لیکن واسا کا عملہ نہ پہنچ سکا جبکہ پی ایچ اے کا عملہ بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ سیوریج کے گندے پانی سے اُٹھنے والے تعفن کی وجہ سے سانس لینا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ اہل علاقہ نے کمشنر راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ’ ڈی جی پی ایچ اے اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ گرین بیلٹ میں موجود سیوریج لائنوں کی صفائی کروائی جائے۔ پی ایچ اے گرین بیلٹ میں موجود پودوں’ درختوں اور سبزہ کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں