فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے سالانہ انتخابات برائے 2025ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ پولنگ 11 جنوری 2025 کو ہو گی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میاں انوار الحق ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری کے فرائض رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ نے ادا کئے۔ انتظامیہ کمیٹی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے بائیومیٹرک الیکشن برائے 2025-26ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 19دسمبر تا 21دسمبر 2024ء پر دفتری اوقات میں جمع کروا سکتے ہیں۔ کاغذات پر اعتراضات 23دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 24 دسمبر تا 27 دسمبر صبح 11 بجے تک ہو گی۔ 28 دسمبر تک امیدوار اپنے کاغذات واپس لے سکے گا۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 30 دسمبر 2024ء کو جاری کی جائے گی جبکہ پولنگ 11 جنوری 2025ء کو ہو گی، امیدواروں کو کہا گیا ہے کہ وہ ہر امیدوار اپنی میٹرک تا ایل ایل بی کی تمام اسناد’ لائسنس پنجاب بار کونسل اور شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول فارم نامزدگی کے ساتھ جمع کروانا ہو گی۔ جبکہ صدر کے امیدوار کیلئے پریکٹس کی مدت 10سال’ نائب صدر کیلئے 8سال’ سیکرٹری کیلئے 7سال اور دیگر تمام عہدیداروں کیلئے 3سال مقرر کی گئی ہے۔
5