فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے سالانہ انتخابات میں رانا شاہد منیر منج ایڈووکیٹ صدر’ رانا بابر خاں سیکرٹری’ سید حسنین حیدر شاہ نائب صدر’ میاں حافظ محمد عثمان جوائنٹ سیکرٹری نے میدان مار لیا، پولیس کی بھاری نفری کے باوجود وکلاء جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ اور بھنگڑے ڈالتے رہے جبکہ پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2023-24ء میں رانا شاہد منیر منج ایڈووکیٹ 1670 ووٹ لیکر کامیاب جبکہ ان کے مدمقابل میاں انوار الحق ایڈووکیٹ کو 964 اور چوہدری سجاد مرشد گل کو 471 ووٹ ملے جبکہ محمد حسنین حیدر شاہ ایڈووکیٹ 1128 ووٹ لیکر نائب صدر منتخب ہو گئے اور ان کے مدمقابل چوہدری محمد نعیم فیروز گجر ایڈووکیٹ کو 1010′ سعدیہ اطہر اعوان ایڈووکیٹ کو 531 اور شمائلہ عنبرین خٹک ایڈووکیٹ کو 399 ووٹ ملے۔ رانا بابر خاں ایڈووکیٹ 875 ووٹ لیکر سیکرٹری بار منتخب ہوئے ان کے مدمقابل چوہدری فہد عمران چٹھہ ایڈووکیٹ کو 556′ کاشف بلال باجوہ ایڈووکیٹ کو 402′ ملک وسیم مشتاق کھنہ ایڈووکیٹ کو 324′ رانا فہیم صفدر خاں ایڈووکیٹ کو 160′ سردار علی واصف چٹھہ ایڈووکیٹ کو 275 اور شیخ سلیمان رمضان ایڈووکیٹ 513 ووٹ حاصل کر سکے۔ علاوہ ازیں حافظ محمد عثمان ایڈووکیٹ 1583 ووٹ لیکر جوائنٹ سیکرٹری بن گئے اور ان کے مدمقابل وسیم احمد بھٹی ایڈووکیٹ 1085 اور چوہدری عرفان تنویر گگھ ایڈووکیٹ کو 429 ووٹ مل سکے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈسٹرکٹ بار کی تاریخ میں پہلی بار صدر اور سیکرٹری بار کی نشستوں پر رانا برادری نے میدان مار لیا۔ گزشتہ روز پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک پرامن طور پر جاری رہا اور کچھ دیر کیلئے پولنگ کا عمل رکا رہا، پولنگ کے دوران وکلاء کا جوش دیدنی تھا اور وکلاء اپنے اپنے امیدواروں کے لیے ووٹ کی کنویسنگ بھی کرتے رہے اور جیت کا اعلان ہوتے ہی وکلاء نے جیت کی خوشی میں حسب روایات ہوائی فائرنگ بھی کی اور کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے جبکہ تمام تر انتظامات کے باوجود پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی نہ کر سکی اور خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔ پولنگ کے عمل کے دوران پولیس کی بھاری نفری ضلع کچہری کے اندر اور باہر موجود رہی۔ علاوہ ازیں دو روز قبل ہی ڈسٹرکٹ بار کے ایگزیکٹو ممبران کی 10نشستوں پر حافظ محمد زبیر احمد ایڈووکیٹ’ رانا عثمان الحق منج ایڈووکیٹ’ شیخ حسنین حیدر ایڈووکیٹ’ محمد طلحہ شہباز غنی ایڈووکیٹ’ محمد فاروق چوہان ایڈووکیٹ’ محمد فیضان ادریس ایڈووکیٹ’ مدثر یعقوب گجر ایڈووکیٹ’ ملک محمد عارف ایڈووکیٹ’ ملک نصیر احمد ایڈووکیٹ اور میاں وقاص یعقوب ایڈووکیٹ کو کامیاب قرار دیا جا چکا ہے۔
45