DCٹوبہ کی زیر صدارت سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عیدالفطر کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر ضلعی ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں یوم شہادت حضرت علی، یوم القدس، لیلة القدر، چاند رات اور عیدالفطر کے اجتماعات کے لیے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ عوامی مقامات، مساجد اور عید گاہوں پر سخت نگرانی کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ بازاروں میں ٹریفک مینجمنٹ اور پارکنگ کے خصوصی انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی۔سول ڈیفنس کی جانب سے بڑے اجتماعات کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس کی جائے گی، جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ڈیوٹی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ واپڈا کو رمضان اور عید کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، جبکہ چاند رات پر بازاروں میں اضافی سیکیورٹی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔علاوہ ازیں، سیکرٹری آر ٹی اے کو بسوں کے کرایوں پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت دی گئی، تاکہ عوام کو سفری سہولتوں میں کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع ضلعی انتظامیہ کو دیں تاکہ رمضان اور عید کے ایام کو پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں