لاہور (بیوروچیف) سیف سٹی اتھارٹی نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں مقامی پولیس کی مدد سے کریک ڈان شروع کیا جائے گا تاکہ وہ گاڑی مالکان جو ای چالان کی رقم ادا نہیں کر رہے، ان سے رقم وصول کی جا سکے۔سیف سٹی اتھارٹی نے نادہندہ گاڑیوں کی لسٹیں تیار کر لی ہیں، جن میں لاکھوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ اتھارٹی کیمروں کے ذریعے گاڑیوں کی نشاندہی کرے گی اور مقامی پولیس کو اطلاع دے گی تاکہ کارروائی ممکن ہو سکے۔سیف سٹی اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ ای چالان کی رقم جمع نہ کروانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا سکتی ہیں، تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر قابو پایا جا سکے۔




