FBRٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام

اسلام آباد (بیوروچیف) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو موجودہ مالی سال کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران 468ارب روپے کے بڑے ریونیو خسارے کا سامنا ہے، کیونکہ ٹیکس مشینری مقررہ ہدف 6964ارب روپے کے مقابلے میں صرف 6496ارب روپے جمع کر سکی۔ ریونیو خسارہ ہر گزرتے مہینے کے ساتھ مزید بڑھتا جا رہا ہے، کیونکہ جنوری 2025کے لیے عارضی مجموعے کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ایف بی آر نے جنوری 2025میں 956ارب روپے کے مطلوبہ ہدف کے مقابلے میں صرف 872ارب روپے کی وصولی کی ہے۔ 872ارب روپے کی ریونیو وصولی کے ساتھ ایف بی آر نے ماہانہ بنیادوں پر 29فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے۔ مالی سال کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) کے دوران ریونیو خسارہ 384ارب روپے تھا جو جنوری 2025میں مزید 84ارب روپے کے اضافے کے ساتھ بڑھ گیا۔ اس طرح پہلے سات ماہ میں مجموعی خسارہ بڑھ کر 468ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ یہ ریونیو وصولی کا خسارہ انتہائی اہمیت اختیار کر جاتا ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ فروری یا مارچ 2025کے آخر میں آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستانی حکام سے مذاکرات کے لیے آ رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آئی ایم ایف ایف بی آر کی اس کارکردگی پر کس طرح ردعمل دیتا ہے۔ تاہم، وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے دلیل دی کہ مجموعی مالیاتی فریم ورک بنیادی طور پر قرض ادائیگی میں کمی کی وجہ سے ہم آہنگ رہا ہے جس کی وجہ سے پالیسی کی شرحیں 22فیصد سے کم ہو کر 6لگاتار کمی کے ساتھ 12فیصد ہو گئی ہیں۔ اس سے معاشی منتظمین کی مشکلات میں کمی آئی ہے، لیکن آئی ایم ایف یقینی طور پر ایف بی آر کی جانب سے ہونے والے ریونیو خسارے کے مسئلے کو اٹھائے گا۔ آئی ایم ایف پروگرام کے اشاریہ ہدف کے تحت مارچ 2025کیلئے ایف بی آر کے اشاریہ ہدف 9168ارب روپے رکھا گیا ہے لہذا ایف بی آر کو آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ہدف کو پورا کرنے کیلئے اگلے دو ماہ (فروری اور مارچ) میں 2772ارب روپے کی مجموعی وصولی کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کیلئے سالانہ ٹیکس وصولی کا ہدف 12970ارب روپے (12913ارب روپے آئی ایم ایف کے ساتھ متفقہ) رکھا ہے۔ پہلے سات ماہ میں 6496ارب روپے کی وصولی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف بی آر کو 30جون 2025کو 12970ارب روپے کا مطلوبہ ہدف ظاہر کرنے کیلیے بقیہ پانچ ماہ (فروری تا جون 2025) میں 6474ارب روپے جمع کرنے ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں