اسلام آباد (بیوروچیف) ایف بی آر کو مارچ 2026کے لیے مقرر کردہ 1367ارب روپے کے ٹیکس ہدف کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ابتدائی اندازوں کے مطابق ایف بی آر کو مارچ کے دوران اپنے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 200ارب روپے تک شارٹ فال کا سامنا ہو سکتا ہے ۔گزشتہ سال مارچ 2025میں 1116ارب روپے کی وصولی کے مقابلے میں رواں سال ہدف حاصل کرنے کے لیے 21فیصد اضافے کی ضرورت تھی جو موجودہ معاشی حالات میں مشکل دکھائی دے رہا ہے ۔اعلیٰ حکام کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث درآمدات متاثر ہوئیں، جس سے تقریباً 150ارب روپے تک کم ٹیکس وصول ہونے کا خدشہ ہے ۔اعدادوشمار کے مطابق فروری 2026میں درآمدات پر 378ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا تھا جبکہ مارچ میں اب تک یہ وصولی کم ہو کر 345ارب روپے رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جنگی صورتحال کے باعث پراپرٹی لین دین میں بھی تقریبا 50 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ حکام کے مطابق ایف بی آر نے بڑے ٹیکس دہندگان کے دفاتر کے ساتھ اجلاسوں کا سلسلہ شروع کر دیا تاکہ مارچ کے اختتام تک زیادہ سے زیادہ محصولات اکٹھے کیے جا سکیں۔



