اسلام آباد (بیوروچیف) ایف بی آر نے مالی سال 2025-26میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو انعامات دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس سلسلے میں گریڈ 1سے 16کے ٹائم سکیل کے تحت ترقی یافتہ گریڈ 17کے افسران کو انعامات دیے جائیں گے، جبکہ گریڈ 17یا زائد کیڈر کے افسران کے لیے بھی انعامات کی سفارشات طلب کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق کسٹمز سروس، ان لینڈ ریونیو افسران اور ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے افسران کو بھی حوصلہ افزائی کا موقع دیا جائے گا۔ ایف بی آر کی جانب سے انعامات کی تقسیم کارکردگی کی بنیاد پر تین مختلف کیٹیگریز میں کی جائے گی، جس کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو اے کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا۔ بی اور سی کیٹیگری کے افسران کو ان کی بنیادی تنخواہوں کا مخصوص حصہ بطور انعام دیا جائیگا۔ایف بی آر نے اپنے ہیڈکوارٹرز اور مختلف ڈائریکٹوریٹس سے جامع سفارشاتی فہرستیں طلب کر لی ہیں، جنہیں مقررہ فارمیٹ کے مطابق ای میل کے ذریعے جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔




