FCCIکی قائمہ کمیٹیاں،بزنس کمیونٹی مسائل کے حل کیلئے قابل عمل سفارشات دے رہی ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹیاں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے علاوہ شہر کی ترقی کیلئے قابل عمل سفارشات دے رہی ہیں جن کی بنیاد پر چیمبر کی حکمت عملی تیار کی جاتی ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے رواں سال کیلئے قائمہ کمیٹیوں کے کنونیئرز کی دوسری میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیکٹر کیلئے الگ قائمہ کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ اس سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کے علاوہ اِن کے حل کیلئے بہترین سفارشات بھی دی جا سکیں۔ انہوں نے قائمہ کمیٹیوں کے کنونیئرز پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں تاکہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کیلئے سب کیلئے قابل قبول تجاویز دی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن کمیٹیوں کے کنونیئرز نے کوئی میٹنگ نہیں کی وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور خاص طور پر اپنے سیکٹر سے متعلقہ ممبران کو چیمبر کی رکنیت کی تجدید کرانے کی بھی ترغیب دیں۔ مختلف قائمہ کمیٹیوں کے کنونیئرز نے اپنے مسائل بھی پیش کئے اور کہا کہ ان کے حل کیلئے چیمبر کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر انجینئر عاصم منیر، محمد علی، محمد اظہر چوہدری ، عارف احسان ملک، رانا سکندر اعظم ، محمد صداقت لودھی، کاشف ضیاء ، طارق محمود قادری ، ڈاکٹر جعفر حسن مبارک، میاں عبدالوحید، میاں تنویر احمد ، محترمہ نجمہ افضل ، عبدالرحمن، اشفاق اشرف ، طارق تنویر ، انجینئر ثاقب شہزاد، محمود الٰہی ، حاجی محمد عابد، شہزاد محمود اور دیگر کنونیئرز بھی موجود تھے۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے تمام کنونیئرز کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں