FDAاور پاک ویلز کے اشتراک سے ”آٹو شو” 2فروری کو ہوگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) اور پاک ویلز کے اشتراک سے ”آٹو شو” اتوار 2فروری کو منعقد ہوگا، یہ کار میلہ ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ کے وسیع و عریض مقام پر سجایا جائیگا۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے پاک ویلز کے منتظمین کے ساتھ ملاقات کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں،مینجر ایونٹس پاک ویلز ہارون مظفر و دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کار میلہ کے انعقاد کو شہریوں کی دلچسپی کے لئے معلوماتی اور تفریحی ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرکا کو قدیمی و نئے ماڈلز کی مختلف نادر و نایاب کاریں دیکھنے کو ملیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو کار میلہ کے انتظامات میں مکمل کوآرڈینیشن کی ہدایت کی اور کہا کہ سینکڑوں کاروں و دیگر آٹو موبائل کی نمائش کے حوالے سے جامع اقدامات کریں اس سلسلے شہریوں کے لئے گاڑیوں کی پارکنگ کے بہتر انتظام سمیت سیکورٹی اور دیگر ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ مینجر ایونٹ پاک ویلز نے معاونت فراہم کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی طرف سے تمام قواعد و ضوابط اور طے شدہ شرائط کی پابندی کی جائے گی تاکہ کار میلہ کو منظم اور احسن انداز میں منعقد کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں