FDAون ونڈو کاؤنٹر سے ڈیڑھ ماہ میں116درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے ون ونڈو کائونٹرکے ذریعے گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران116درخواست گزاروں کو تیزرفتار ریلیف فراہم کیا گیا ہے جبکہ 59درخواستیں مختلف شعبوں میں زیر کارروائی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عثمان رامے و دیگر افسران موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا کہ یکم جنوری 2026 سے اب تک شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے متعلقہ 87 درخواست گزاروں، ٹائون پلاننگ ون کے امور کے بارے 16، شعبہ کچی آبادی کی ایک، ٹائون پلاننگ ٹو کے حوالے سے 12 درخواستوں پر تیز رفتار کارروائی کر کے ریلیف فراہم کیا گیا جن میں پراپرٹی کی منتقلی، وراثتی انتقالات، اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکٹس، ٹی پی رپورٹس، تکمیلی سرٹیفکیٹس اور قبضہ سلپ اور مختلف این اوسی کے اجرا کے علاوہ دیگر شعبہ جاتی امور شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تیز رفتار سروس ڈیلیوری کے لئے جدید اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ آن لائن سسٹم کے تحت کسی بھی درخواست پر محکمانہ کارروائی کے بارے میں روز بروز اپ ڈیٹ سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں سے مکمل رابطہ رکھیں اور انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے محکمانہ کارروائی کے بارے میں آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ سٹاف کی کارگردگی پر کڑی نظر رکھیں اور غفلت شعار اہلکاروں کا فوری محاسبہ ہونا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں