FDAکا زیر کنٹرول کالونیوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ایم محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلستان کالونی میں مسلسل دو دن کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے مختلف بازاروں و شاہرات سے ہر قسم کی پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیااور تجاوزات میں استعمال ہونے والا مختلف نوعیت کا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی طرف سے تجاوزات کو زیرو کرنے سے متعلق تفویض کردہ اہداف پر عملدرآمد کرتے ہوئے اکبر چوک سمیت گلستان کالونی کی مختلف چوکوں اور بازاروں کے دکانداروں کو پختہ و عارضی تجاوزات از خود ختم کرنے کے نوٹسز جاری کئے گئے لیکن بعض پراپرٹی مالکان نے تعمیل نہیں کی گئی جس پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے آپریشن کرتے ہوئے کرین مشینری کے ذریعے عوامی راستوں اور سرکاری جگہوں پر تعمیر کئے گئے ناجائز تھڑوں، کانٹرز، ریمپس، سیڑھیوں، شیڈز اور دیگر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا اور تجاوزات کے لئے استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے گیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے دکانداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ ملبہ وغیرہ فوری طور پر اٹھائیں اور آئندہ تجاوزات سے گریز کریں، عدم تعمیل کی صورت میں فوجداری کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں