FDAکا زیر کنٹرول کالونیوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں یف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرکے مدینہ ٹائون اور علامہ اقبال کالونی کے بعض بازاروں سے ہر قسم کی عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا اس دوران تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں تجاوزات کی صورتحال کو چیک کیا تو مدینہ ٹائون اور علامہ اقبال کالونی کے بعض بازاروں میں دکانداروں، ریڑی بانوں، پھل،سبزی فروشوں اور دیگر نوعیت کا کاروبار کرنے والوں نے سڑکوں اور سرکاری جگہوں پر سٹال لگا عوامی گزرگاہوں کو روک رکھا تھا جسکے باعث شہریوں کو گزرنے میں بھی مشکلات کا سامنا تھا۔ ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے آپریشن کر کے تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا اور راستوں کو کلیئر کر دیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار کسی قسم کی پختہ یا عارضی تجاوزات کرنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر باز نہ آنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں