FDAکا غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف بھر پور آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر نادہندہ اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا روڈ اور کینال روڈ پر واجبات کی عدم ادائیگی اوربلامنظوی قائم کی جانیوالی تین ہائوسنگ سکیموں کے دفاتر کو سر بمہر کر دیا اور ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجبات فوری طور پر ادا کریں اور ہائوسنگ سکیموں کے قیام کے لئے ایف ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ڈیفالٹرز ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا روڈ پر سٹی ہائوسنگ اور اومیگا ریزیڈینشیا ہائوسنگ سکیموں کے دفاتر کو سربمہر کر دیا جبکہ کینال ایکسپریس وے پر چک نمبر 192رب کی اراضی پر کینال بریز کے نام سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی اور موقع پر موجود اس کے عارضی دفتر کو سر بمہر کر دیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے ہاسنگ سکیموں کی قیام کے لئے تمام تر قانونی اور محکمانہ تقاضے پورے کر کے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے اور منظور ہونے والی ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز اپنی ذمے بقایا جات فوری طور پر ادا کریں بصورت دیگر مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام الناس کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل ہائوسنگ سکیم کی قانونی حیثیت ضرور چیک کر لیں تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی دقت یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں