FDAکا غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں اور ناجائز تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے ان کے دفاتر کو سیل کر دیا جبکہ مزید کارروائی کے دوران پرتاب نگر کچی آبادی میں ناجائز تعمیرات پر پلاٹ کو بھی سیل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں ہائوسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو شیخوپورہ روڈ پر ہائوسنگ سکیم ستارا ویلی میں بلا منظوری توسیع کی جا رہی تھی جسے فوری طور پر روک کر وہاں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانیوالی سڑکوں، سیوریج و دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا گیا جبکہ چک نمبر 213 کے اراضی پر خیابان ٹو کے نام پر ہائوسنگ سکیم کے قیام کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی اور اس کے دفتر کو سیل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں جھنگ روڈ پر پرتاب نگر کچی آبادی کے سروے نمبر 339 کے پلاٹ پر بغیر منظوری نقشہ تعمیر جاری تھی جسے فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کے لیے تمام تر قانونی تقاضے اور محکمانہ شرائط پوری کر کے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے بصورت دیگر قانون شکنی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں