FDAکا غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلا ف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف تسلسل کے ساتھ آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سیل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں انسپکٹر اسلم انصاری و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو چیک نمبر 100ج ب میں ہائوسنگ سکیم عدن گارڈن اور چک نمبر219میں اضافی آبادی قائم کی جا رہی تھی جن کے خلاف کارروائی کرکے وہاں سٹرکوں، دیواروں، سیوریج ودیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا۔ ڈویلپرزسے کہا گیا ہے کہ وہ ہائوسنگ سکیم کے قیام کے لئے تمام قانونی تقاضے اور محکمانہ شرائط پوری کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید قانون شکنی پر ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں