FDAکے زیر اہتمام نعتیہ مشاعرہ کی روحانی محفل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رمضان المبارک کے پرنور لمحات میں جمعتہ الوداع کے موقع پر ایف ڈی اے کے زیر اہتمام نعتیہ مشاعرہ کی روحانی محفل ایف ڈی اے کمپلیکس میں منعقدہ ہوئی۔جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ صدارت معروف شاعر محمد افضل خاکسار نے کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں قمر شہزاد و دیگر افسران، سٹاف ممبرز اور سول سوسائٹی کے افراد اس موقع پر موجود تھے۔ نعتیہ مشاعرہ کی نقابت کے فرائض مقامی شاعر شہزاد بیگ نے انجام دئیے۔ جن شعرا کرام نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا ان میں محمد طاہر صدیقی، تین صدارتی ایوارڈ یافتہ ناصر مجید،حسنین مظہری، سرور خان سرور، شفقت حسین شفقت، مقصودعاجز، سرور قمر قادری، منیر احمد منیر، کامران رشید اور دیگر شامل تھے۔ مشاعرے کے دوران شعرا کرام نے ایمانی جذبے سے پر تاثیر انداز میں حمد و ثنا اور صاحب قرآن حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کر کے حاضرین کے قلوب و اذہان کو محبت الہی اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی کرنوں سی منور کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے شعرا کرام کی شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے ایمان افروز اور خوبصورت کلام کو داد تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ رحمت الہی کی تجلیات سے بھرپور رمضان المبارک کا مقدس مہینے سے ہمیں زہد و تقوی، پرہیز گاری، سخاوت، صبر و تحمل اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں