FDAکے زیر کنٹرول کالونیوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے مدینہ ٹائون میں امتیاز شہید روڈ پر تمام عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا اور دکانداروں کی طرف سے سڑکوں و راستوں میں رکھا گیا کاروباری سامان اٹھا کر قبضے میں لے لیا۔ تجاوزات میں ملوث دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کے زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا اور دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں تجاوزات کی صورتحال کو چیک کیا تو مدینہ ٹان میں امتیاز شہید روڈ پر بعض دکانداروں نے کاروباری سامان رکھ کر سڑکوں کو روکا ہوا تھا جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے ہر قسم کی تجاوزات کا صفایا کر دیا اور عوامی راستوں میں رکھے گئے کانٹرز،جنگلے، بینچ اور دیگر سامان اٹھا کر قبضے میں لے لیا اور دکانداروں کے خلاف قانون شکنی پر چالان کر کے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ ایف ڈی انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار اپنی حدود کے اندر کاروبار کریں اور سڑکوں و راستوں کو نہ روکا جائے بصورت دیگر باز نہ آنے والوں کیخلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں