FDAکے ملازمین کی فلاح و بہبود ترجیح ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے ملازمین کی فلاح وبہبود اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں تمام تر انتظامی و مالی معاونت کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں تاکہ وہ آسودگی کے ساتھ اپنے دفتری فرائض انجام دے سکیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف، انقلابی ورکرز یونین کے سیکرٹری میاں منیب ریاض ودیگر سٹاف نے شرکت کی ۔ اے ڈی جی نے ایمپلائز ویلفیئر فنڈز کی صورت حال کاجائزہ لیا اور کہا کہ ملازمین کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف، مالی قرضہ جات، تجہیز و تکفین فنڈ اور دیگر مدات میں ویلفیئر گرانٹ میرٹ پر تقسیم کی جائیگی اس سلسلے میں موصول ہونیوالی درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے اہلیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ شعبے کے افسران سے کہا کہ وہ ویلفیئر گرانٹ سے متعلق ملازمین کی درخواستوں پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی کریں اس سلسلے میں طے شدہ طریقہ کار، قواعد و ضوابط اور شرائط کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی اہل ملازم ویلفیئر گرانٹ سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے ویلفیئر گرانٹ کی شفاف اور میرٹ پر تقسیم کو یقینی بنانے کی تلقین کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف نے ملازمین کی طرف سے مختلف گرانٹس کے حصول کیلئے موصول ہونیوالی درخواستوں کی تفصیلات اور دستیاب فنڈز کی صورت حال سے آگاہ کیا۔ انقلابی ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری میاں منیب ریاض و دیگر عہدیداروں نے ویلفیئر گرانٹ کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کو سراہا اور کہا کہ ادارہ کے یہ فلاحی اقدامات قابل ستائش ہیں جن سے ملازمین کی مدد اور بھرپور حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں