25

FDAکے ون ونڈو کاؤنٹس سے6ماہ میں1242درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے ون ونڈو کائونٹرکے ذریعے گزشتہ چھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1242درخواست گزارو ں کو ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 38درخواستیں مختلف شعبوں میں زیر کارروائی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو ایک میٹنگ کے دوران بتائی گئی جس میں ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا. اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور ، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن شبیر ساجد گجر و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا کہ رواں سال جنوری سے جون تک شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ i سے متعلقہ 704 درخواست گزاروں کو تیز رفتار سروسز فراہم کی گئیں جبکہ ٹائون پلاننگ ون کے امور کے بارے میں 377 درخواستیں نمٹائی گئیں۔ اسی طرح شعبہ ٹائون پلاننگ کے معاملات کے بار ے میں 130 درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا اور کچی آبادیوں کے بارے میں شہریوں کی 31 درخواستوں پر محکمانہ کارروائی مکمل کی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اسی عرصہ کے دوران جن درخواستوں پر محکمانہ سروسز فراہم کی گئیں ان میں رہائشی و کمرشل بلڈنگ پلان و کمرشلائزیشن کی منظوری، جائیدادوں کی منتقلی، اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹی پی رپورٹس، عمارتوں کے تکمیلی سرٹیفکیٹ اور مختلف این اوسی کے اجرا سمیت قبضہ مافیا، تجاوزات، غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف عوامی شکایات پر محکمانہ کارروائی اور دیگر نوعیت کی درخواستیں شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سروس ڈیلیوری میں مزید تیزی لانے کے لئے جدید اصلاحات کے اقدامات کو آگے بڑھایاجائے اس سلسلے میں ٹائون پلاننگ رپورٹ کے بلا تاخیر اجرا کے لئے آن لائن سسٹم کو فوری طور پر فنکشنل بنائیں۔ انہوں نے اے ڈی جی سے کہا کہ وہ ون ونڈو کائونٹر پر موصول ہونے والی درخواستوں پر شعبہ جاتی کارروائی پر کڑی نظر رکھیں اور کوئی فائل/ درخواست بلاجواز تاخیر کا شکار نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو کائونٹر پر آنے پر سائلان سے بھی ملاقات کر کے سروسز کی فراہمی کے بارے میں دریافت کریں اور شکایت کی صورت میں متعلقہ سٹاف کی فوری باز پرس کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں