فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنر ل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات پر بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے عارضی و پختہ تجاوزات کا خاتمہ،غیرقانونی تعمیرات کو مسمار اور ناجائز قابضین سے سرکاری جگہ کو واگزار کرا لیا۔ قصورواروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے انسپکشن کے دوران موٹر مارکیٹ کچی آبادی جھنگ روڈ میں بعض پختہ تجاوزات اور صلابت والا کچی آباد ی جھنگ روڈ کے قریب ”نب جی” کی اراضی پر ناجائز تعمیرات کو فوری طور پر مسمار کر دیا جبکہ کارروائی کے دوران مدینہ ٹائون میں ایف ڈی اے کے فلیٹس پر ناجائز قبضہ بھی واگزار کرا لیا گیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ پختہ و عارضی تجاوزات اور ناجائز تعمیرات سے باز وممنوع رہیں بصورت دیگر نہ صرف خلاف قانون تعمیرات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا جائیگا بلکہ قصورواروں کو بھاری جرمانوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
2