FIAملازمین کا بڑے پیمانے پر انسانی سمگلرز کیساتھ گٹھ جوڑ بے نقاب

اسلام آباد ( بیو رو چیف )انسانی اسمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ پر 3سال کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے51 ملازمین برطرف کیے گئے’56اہلکار گرفتار کیے جاچکے، اسی عرصے میں انسانی سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف 21مقدمات درج کیے گئے رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرادیا ہے، جس میں ایوان بالا کو آگاہ کیا گیا ہے گزشتہ 3 برسوں میں انسانی اسمگلنگ پر ایف آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف 21مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اسی عرصے میں ایف آئی اے کے 56اہلکار گرفتار ہوئے، اس وقت 16مقدمات زیر سماعت ہیں۔سینیٹ کو آگاہ کیا گیا کہ 3سال کے دوران انسانی اسمگلروں سے ملی بھگت پر ایف آئی اے کے 51 ملازمین برطرف کیے گئے۔وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ سال یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات کے بعد غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے میں سہولت کاری کرنے پر 41ایف آئی اے اہلکار برطرف کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ یونان کشتی حادثے میں ایف ائی اے کے افسران اور اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد ان کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ فیصل آباد ایئرپورٹ کے 19، سیالکوٹ ایئرپورٹ کے 3، لاہور ایئرپورٹ کے 2، اسلام آباد ایئرپورٹ کے 2اور کوئٹہ ایئرپورٹ کے 5افسران کے نام بھی مشتبہ اہلکاروں میں شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں