FICمیں چلڈرن ہارٹ سرجری کا آج دوسراروز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا چلڈرن کی ہارٹ سرجری کا خواب پورا’ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں برطانیہ کے معروف ڈاکٹرز نے بچوں کے دل کے آپریشن شروع کر دیئے۔ یوکے کے ماہر سپیشلسٹ ہارٹ سرجن ڈاکٹر عمران سعید’ آئی سی سپیشلسٹ ڈاکٹر عمر عزیز نے اپنے تین روزہ 25 تا 27فروری تک قیام کے دوران ایف آئی سی میں دل کے عارضہ میں مبتلا بچوں کے دل کے آپریشن کر رہے ہیں، شہریوں کا حکومت پنجاب کو خراج تحسین۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی’ بچوں کی ہارٹ سرجری’ کڈنی’ جگر ودیگر اعضاء کی پیوندکاری کی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایف آئی سی ڈاکٹر حامد سعید’ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی ڈاکٹر عامر نوید کی نگرانی میں یوکے سے آنیوالی چلڈرن ہارٹ سرجنز ٹیم کی جانب سے گزشتہ روز آج اور کل بھی ان کے پیچیدہ امراض میں مبتلا بچوں کے آپریشن کئے جا رہے ہیں جو کہ فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع کے لیے خوش آئند اقدام ہے۔ کیونکہ بچوں کے دل کی سرجری ایک انتہائی پیچیدہ آپریشن ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی ڈاکٹر عامر نوید نے بتایا کہ یوکے کے ماہر امراض دل کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ٹیم نے پیچیدہ امراض میں مبتلا بچوں کے گزشتہ روز 2′ آج تین بچوں اور کل 27فروری کو بھی تین بچوں کے آپریشن کئے جائیں گے اور کل انڈیا کے امراض دل کے ڈاکٹرز بھی ٹیم میں شامل ہونگے۔ یوکے کی ٹیم تین روزہ دورہ مکمل کر کے واپس چلی جائے گی اور پھر تین ماہ بعد دوبارہ ایف آئی سی آئے گی۔ اسی دوران جن بچوں میں دل کے پیچیدہ امراض ہونگے کی فہرست اور مکمل کوائف یوکے کی ٹیم کو بھجوائیں گے جو کہ اگلے وزٹ پر ان بچوں کے دل کے آپریشن کریگی۔ فیصل آباد کے شہریوں نے بالخصوص ایف آئی سی میں بچوں کی ہارٹ سرجری کو خوش آئند قرار دیا ہے کیونکہ قبل ازیں بچوں کی ہارٹ سرجری کیلئے لوگوں کو بیرون ملک جانا پڑتا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو خوب سراہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں