GCیونیورسٹی کے خزانچی خالد لطیف کو توسیع دینے سے روکدیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی کو خزانچی کے عہدہ پر ڈاکٹر خالد لطیف کو توسیع دینے سے منع کردیا ہے ۔ سیکشن آفیسر سرمد سلیم کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ میں واضح کیا گیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے چوبیس اکتوبر 2024کو تمام وفاقی اور صوبائی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو جاری ہدایات کے ساتھ فیصلہ سنایا گیا ہے کہ متعلقہ تمام یونیورسٹیز میں خالی عہدوں پر قائم مقام یا اضافی چارج کی بنیاد پر تقرری زیادہ سے زیادہ 6 ماہ کی مدت کے لئے ہو سکتی ہے اورعارضی چارج اس شخص کو دیا جائے جو قابل اطلاق قانون کے مطابق ہو۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کیونکہ ڈاکٹر خالد لطیف جی سی یونیورسٹی میں 7 مارچ 2024 سے بطور خزانچی اضافہ چارج پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اس لئے اب ان کے اس عہدے پر توسیع نہیں کی جا سکتی۔ مراسلے کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے خزانچی کے خالی عہدے کے اضافی چارج تفویض کرنے کے لئے نیا پینل تشکیل دے کر نام ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب حکومت کو بھجوائے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں خزانچی کی ریگولر بنیادوں پر بھرتی کے عمل کو تیز کیا جائے اور جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں