فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں شعبہ ہسٹری کے سالانہ ڈنر پر طلبہ واساتذہ کا انڈین گانوں پر رقص کی محفل’ طلبہ واساتذہ کی انڈین گانوں پر ڈانس کی ویڈیو سامنے آ گئی، یونیورسٹی انتظامیہ تاحال خاموش’ کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جی سی یونیورسٹی کے شعبہ ہسٹری میں گزشتہ دنوں سالانہ ڈنر کا انعقاد کیا گیا تھا، تقریب کے دوران طلبہ وطالبات کی طرف سے خصوصی محفل کا انعقاد بھی کیا گیا تو ڈنر کے بعد طلبہ نے انڈین گانوں پر ڈانس شروع کر دیا اور طلبہ کی طرف سے رقص شروع ہوا تو اساتذہ بھی شامل ہو گئے اور سٹیج پر چڑھ کر بے ہودہ ڈانس کرتے رہے اور یونیورسٹی کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا سالانہ ڈنر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور اس ایونٹ پر طلبہ اور اساتذہ کے خلاف نہ تو کوئی نوٹس لیا گیا اور نہ ہی ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکی۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جی سی یونیورسٹی جو کہ نوجوان نسل کو علم کی دولت فراہم کرنے میں اپنا مقام رکھتی ہے۔ وہاں پر اس قسم کی بے ہودہ محفل کا انعقاد لمحہ فکریہ ہے کہ اساتذہ نوجوان نسل کو کس طرف لے جا رہی ہے، یونیورسٹی انتظامیہ فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیکر متعلقین کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
34