GSPپلس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے معاہدوں پر عمل کرنا ہوگا،ڈپٹی سفیر نیدر لینڈ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان کو جی ایس پی پلس کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے انسانی حقوق ، ماحولیات اور سوشل کمپلائنسز سمیت دیگر متعلقہ معاہدوں کی سختی سے پابندی کرنا ہو گی۔ یہ بات نیدر لینڈ ز کے ڈپٹی سفیرمسٹر ہاجوپر و و کلو ٹ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہاکہ نیدر لینڈز پاکستان کا قابل ذکر تجارتی پارٹنر ہے۔ یورپ کیلئے 8 ارب ڈالر/ یورو کی سالانہ برآمدات میں سے 7 ارب جی ایس پی پلس رجیم کے تحت ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ا س سہولت میں اضافے کیلئے درخواست دی ہے لیکن اس سلسلہ میں اس کو پہلے سے طے شدہ معاہدوں کی پابندی کرنا ہو گی۔ پیرس معاہدے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں کاربن کے اخراج کو روکنے کیلئے اپنے کاروباری معاملات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے عمل کو روکا جا سکے۔ ڈیری کی صنعت کے فروغ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ نیدر لینڈز کی گائیں روزانہ 40لیٹر تک کا دودھ دے رہی ہیں۔ ان میں چھوٹے، بڑے اور ملٹی نیشنل ادارے بھی شامل ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نیدر لینڈز کے تجربہ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان سے نیدر لینڈ کو چھوٹی سطح پر آئی ٹی کی برآمدات کے بارے میں بتایا کہ وہ اس سلسلہ میںمتعلقہ کمپنیوں سے رابطے کرا سکتے ہیں۔ اس سے قبل ڈپٹی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہاکہ 2023ء کے دوران نیدر لینڈز کیلئے پاکستانی برآمدات تقریباً1.8 ارب ڈالر تھیں جن میں ٹیکسٹائل سر فہرست تھی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان دودھ پیدا کرنے والا بڑا ملک ہے مگر ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہم اس سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ انہوںنے اس توقع کا اظہار کیا کہ نیدر لینڈز اس شعبہ میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ سوال و جواب کی نشست میں وحید خالق رامے، ڈاکٹر حبیب اسلم گابا، ندیم اقبال، محمد علی اور دیگر ممبران نے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے مسٹر ہاجوپرووکلوٹ ڈپٹی سفیر برائے نیدر لینڈز کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی اور فیصل آباد چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں خصوصی پن بھی لگائی۔ اس موقع پر نیدر لینڈز کی اکنامک افیئرز کی انچارج محترمہ انیقہ اشرف بھی موجود تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں