MCFکے باہر صفائی کی بدترین صورتحال،گندہ پانی جمع ہونے سے گزرنا محال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد’ جہاں پر ایڈمنسٹریٹر آفس بھی ہے، وہاں پر بھی صفائی ستھرائی کی حالت غیر تسلی بخش’ عمارت کے باہر گندگی کے ڈھیر جمع’ جب میونسپل کارپوریشن کے باہر صفائی کا یہ حال ہے تو شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال کیا ہو گی؟ شہریوں کا دلچسپ سوال؟، عملہ صفائی شہر بھر میں صفائی کا معیار برقرار رکھنے کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات اٹھائے، لوگوں کا پرزور مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کے تبادلہ کے ساتھ ہی فیصل آباد میں صفائی کی صورتحال بگڑنے لگی ہے، انہوں نے فیصل آباد تعیناتی کے دوران ہر کام میں خصوصی دلچسپی لی، عوام کو درپیش مشکلات کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا گیا جبکہ تعمیر وترقی کے ریکارڈ منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو بھرپور ریلیف ملا، مگر ان کے تبادلہ کے ساتھ ہی صورتحال بدل گئی ہے جس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ اب میونسپل کارپوریشن فیصل آباد میں بھی صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر ہو چکی اور کوئی پرسان حال نہیں ہے، وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے گزشتہ مہینوں سے جو اقدامات اٹھائے جا رہے تھے اسے شہریوں نے خوب سراہا مگر اب فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کی حالت ابتر ہونے لگی ہے اور اس کا اندازہ میونسپل کارپوریشن کی عمارت کے باہر کا منظر دیکھ کر بخوبی لگایا جا سکتا ہے اور اس میں واسا کو قصور وار قرار دیا جائے گا تو بیجا نہ ہو گا، فیصل آباد میں نئی تعینات ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں MCF کی ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں اور وہاں ایڈمنسٹریٹر آفس بھی ہے لہٰذا انہیں اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانا چاہیے اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال پر نظر رکھنی چاہیے۔ واضح رہے کہ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی عمارت کے باہر سے ایک کھال گزرتا ہے جو اکثر بند رہتا ہے، جس کے باعث گندہ پانی سڑک پر جمع ہو جاتا ہے جس کے باعث شہریوں کا وہاں سے گزرنا محال ہے۔ اس کھال سے گندگی نکال کر اس میں پانی کی روانی کو یقینی بنایا جائے تو اس کا بند ہونا ختم ہو جائے گا، اس پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ فیصل آباد بھر میں صفائی ستھرائی کا معیار برقرار رکھنے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام حقیقی معنوں میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں