فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب نے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد ڈاکٹر آصف حمید سلیمی کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ٹرانسفر کرنے کی سفارش کر دی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے جاری ہونیوالے احکامات میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد ڈاکٹر آصف حمید سلیمی کو یکم دسمبر 2022ء کو تبدیل کرتے ہوئے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے اور ان کی جگہ ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر محمد اسحاق کو ایم ایس سول ہسپتال کا اضافی چارج دیا گیا تو ایم ایس ڈاکٹر آصف حمید سلیمی نے سروس ٹربیونل سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ضمنی انتخابات کے باعث الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس پر ان کی ٹرانسفر غیر آئینی ہے، جس پر سروس ٹربیونل معاملہ چیف سیکرٹری پنجاب’ محکمہ صحت کو بھجوایا تھا، جس پر سیکرٹری ریگولیشن ایس اینڈ جی اے ڈی نے معاملہ کی پرسنل ہیرنگ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر آصف حمید سلیمی نے مؤقف اختیار کیا کہ تین سال سے قبل سیاسی بنیادوں پر ٹرانسفر کیا گیا ہے اور ڈاکٹر اسحاق 3نومبر 2022ء کو ریٹائرڈ ہوئے ہیں اور ایم ایس کی ریٹائرمنٹ 2024ء میں ہو رہی ہے اور سروس کے آخری سال میں ان کو تبدیل نہ کیا جائے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد میں بطور ایم ایس کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ 16اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی وجہ سے ان کی ٹرانسفر کو روک دیا گیا تھا اور 19اکتوبر کو دوبارہ ٹرانسفر کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔ انہوں نے انکوائری رپورٹ میں بتایا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق کسی بھی سرکاری افسر کو پنجاب میں کسی جگہ بھی تعینات کیا جا سکتا ہے اور موصوف کو دو سال سے زائد عرصہ گزرنے پر تبدیل کیا گیا تھا اور ڈاکٹر آصف حمید سلیمی دوران سماعت معقول وجہ بتانے سے قاصر رہے ہیں۔ کیونکہ ایک ہی مقام پر تین سال تک تقرری بھی لازمی شرط نہ ہے اور مذکورہ حقائق کی روشنی میں ایم ایس سول ہسپتال فیصل آباد ڈاکٹر آصف حمید سلیمی کی اپیل کو مسترد کر دیا اور کہا کہ قوانین کے مطابق موصوف کو ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل رہائش گاہ کے قریب کسی بھی جگہ پر ٹرانسفر کیا جائے۔
58