PHAافسرا ن و عملہ کی نااہلی،گرین بیلٹس تباہ،پارکس ویران

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پی ایچ اے کے افسران وعملہ کی نااہلی اور عدم دلچسپی کے باعث گرین بیلٹس تباہ اور پارکس ویرانی کا منظر پیش کرنے لگے’ فلاور سیزن شروع ہونے کے باوجود گرین بیلٹس’ چوراہوں اور پارکوں میں کوئی پھول نہ کھل سکا۔ تفصیل کے مطابق شجرکاری کا موسم شروع ہوتے ہی قبل ازیں پی ایچ اے کی طرف سے شہر کے مختلف چوراہوں’ پارکوں اور گرین بیلٹس میں ”میری گولڈ” سمیت مختلف انواع واقسام کے خوشنما پھولوں کی کیاریاں بنا کر خوشنما انداز میں فلاور کے پودے لگاتے تھے اور دوسرے شہروں سے آنے والوں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کے باسیوں کو دلفریب نظارے حاصل ہوتے تھے اور ایک خوشگوار ماحول کا سماں پیدا ہوتا تھا، تاہم اس مرتبہ پی ایچ اے کے افسران نے افرادی قوت اور فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر فلاور سیزن شروع ہونے پر کسی قسم کی شجرکاری نہ کی جا سکی جسکی وجہ سے شہر بھر کی گرین بیلٹس تباہ وبرباد ہو چکی ہیں اور شہر کے چھوٹے پارکس کو درکنار بڑے پارکس میں بھی فلاورز کی شجرکاری نہ ہو سکی اور شہر بھر کے پارکس بھی ویرانی کا منظر پیش کرنے لگے۔ پی ایچ اے کی جانب سے شہر کے اہم چوراہوں اور پارکس میں بھی کسی قسم کے فلاورز کی شجرکاری نہ ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی پھول نہ کھل سکا۔ پارکس میں صبح وشام سیر کیلئے آنیوالے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کا قیام اس مقصد کیلئے کہا گیا تھا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ شہر کی گرین بیلٹس اور پارکوں کی دیکھ بھال’ تزین وآرائش اور بروقت شجرکاری کرے۔ شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر سمیت ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے تباہ وبرباد ہونے والی گرین بیلٹس کو فوری طور پر درست کیا جائے اور شہر کے پارکوں میں شجرکاری کرتے ہوئے خوشنما پھولوں کی آبیاری کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں