PHAکی کارکردگی صفر،پارکس،گرین بیلٹس تباہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کی کارکردگی صفر’ شہر بھر کے پارکس اور گرین بیلٹ کی حالت ناگفتہ بہ ہو گئی’ شہر بھر کے پارکس اور گرین بیلٹس کو پانی لگانے والی گاڑیوں کے ڈرائیور مبینہ طور پر پٹرول خردبرد کرنے میں مصروف، پی ایچ اے کے افسران ٹھنڈے کمروں میں براجمان’ افسران کی عدم توجہ کے باعث فیصل آباد کے پارکس اور گرین بیلٹ کے پودے اور گھاس سوکھنے لگے۔ تفصیل کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے افسران کی عدم توجہ اور غفلت کے باعث فیصل آباد کے پارکس اور گرین بیلٹس اجڑنے لگے۔ گرمی کی شدت کے اضافہ کے باعث پی ایچ اے کے نااہل عملہ نے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے شہر کی اہم شاہراہوں پر گرین بیلٹس کو ویران کرنا شروع کر دیا۔ گرین بیلٹس اور پارکس میں پودے اور گھاس پانی نہ ملنے کی وجہ سے سوکھنے لگے۔ جبکہ شہر بھر کی گرین بیلٹس اور پارکس میں پودوں اور گھاس کو پانی لگانے والی گاڑیاں کہیں نظر نہیں آتی اور گاڑیوں کے ڈرائیور اور عملہ مبینہ طور پر پٹرول حاصل کر کے خردبرد کرنے لگے۔ جبکہ افسران گرمی میں اضافہ کے باعث دفتروں سے نکلنا گوارا نہیں کرتے۔ چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے چھوٹا عملہ اپنی من مانیاں کرنے لگا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ پی ایچ اے سے فارغ کئے جانے والے مالی اور دیگر عملہ کو دوبارہ بھرتی نہ کیا جا سکا۔ جسکی وجہ سے افرادی قوت کی کمی کے باعث بھی شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کو درست کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پی ایچ اے کے افسران ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر افسران کو سب اچھا کی رپورٹ دیتے ہیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کیلئے پی ایچ اے کے افسران کو فیلڈ میں کام کرنے پر لگایا جائے۔ گرین بیلٹس اور پارکوں کی حالت زار کو سنوارنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔دریں ثنائ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے شجر کاری میں اضافہ اور گرین بیلٹس’ چوکوں کی بیوٹیفکیشن کے احکامات کو عملی شکل دینے کیلئے کمشنر مریم خان کی زیر صدارت گزشتہ روز پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ڈی جی پی ایچ اے کو پارکوں،چوکوں اور گرین بیلٹس کی حالت سنوارنے کا ٹاسک دیتے ہوئے شہر کے اہم مقامات پر مانومنٹس بنانے کے بھی احکامات جاری کردیئے انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں شجر کاری کیلئے ٹارگٹ فکس کیا جائے۔ پارکوں کی حالت بھی بہتر ہونی چاہیے۔ چوکوں کی تزئین و آرائش میں مقامی ثقافت کا رنگ نمایاں ہونا چاہیے۔ گرم موسم کے دوران درختوں اور پودوں کو پانی دینے کا کام باقاعدگی سے کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن عامر رضا،ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان، اے سی جی جاوید خان و دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں