PHA افسران ڈویژنل کمشنر کے احکامات ماننے سے گریزاں

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) پی ایچ اے کے افسران’ ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے احکامات ماننے سے گریزاں’ یہی وجہ ہے کہ دو ہفتے گزرنے کے باوجود بھی پیپلزکالونی کے علاقہ چھوٹی ڈی گرائونڈ میں واقع گلستان ارم پارک کی حالت زار بہتر نہ ہو سکی اور نہ ہی وہاں پر موجود فوارے کو چالو نہیں کیا جا سکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ ڈیلی بزنس رپورٹ نے گلستان ارم پارک چھوٹی ڈی گرائونڈ کی حالت زار کے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی تھیں جس میں بتایا گیا تھا کہ پی ایچ اے افسران کے لیے یہ پارک کمائی کا موثر ترین ذریعہ ہے۔ مگر بدقسمتی سے اس پارک پر پی ایچ اے افسران توجہ نہیں دے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ عرصہ دراز سے وہاں پر موجود لاکھوں روپے مالیت کا فوارہ خراب ہے، جس سے متعلقہ چیزیں بھی چوری ہو چکی ہیں، اس کے علاوہ پارک میں پانی نہ لگانے کی وجہ سے گھاس سوکھ چکی ہے، پودے بھی خراب ہو رہے ہیں۔ اس پارک میں پی ایچ اے کی طرف سے نئے پودے بھی نہیں لگائے گئے۔ پارک میں موجود بچوں کے جھولے وغیرہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ بیٹھنے والی کرسیاں بھی خستہ ہو چکی ہیں۔ اس خبر پر اشاعت پر ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے نوٹس لیتے ہوئے پی ایچ اے افسران کو گلستان ارم پارک کا فوارہ چالو کرنے’ پارک کی حالت زار بہتر بنانے کے احکامات دیئے تھے مگر دو ہفتے گزرنے کے باوجود مذکورہ پارک کی حالت زار جوں کی توں ہے۔ پی ایچ اے کی طرف سے ڈویژنل کمشنر کو بتایا گیا تھا کہ ہم نے فوارہ چالو کرنے کیلئے موٹر خرید لی ہے، ایک آدھ دن میں فوارہ چالو کر دیا جائے گا مگر پی ایچ اے افسران کا یہ دعویٰ جھوٹا نکلا، تاحال فوارہ نہیں چلا اور نہ ہی پارک کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ شہری حلقوں اور خاص طور پر علاقہ مکینوں نے ڈویژنل کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس پارک کا وزٹ کریں اور پی ایچ کے متعلقہ افسران کیخلاف سخت ایکشن لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں