PIAکے طیاروں میں فنی خرابی،39پروازیں تاخیر کا شکار

اسلام آباد (بیوروچیف) قومی ایئر لائن کے طیاروں میں فنی خرابی کے باعث بین الاقوامی فلائٹ شیڈول شدید متاثر ہوا ہے جبکہ39 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔قومی ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق پیرس میں بوئنگ 777طیارہ خراب ہونے کی وجہ سے شیڈول شدید متاثر ہوا۔ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کا بوئنگ 70طیارہ دو دن سے پیرس میں خراب کھڑا ہے، قومی ایئر لائن کی لاہور دبئی کی 2پروازیں پی کے 203، 204 منسوخ کر دی گئی ہیں۔اسلام آباد پیرس کی قومی ایئر لائن کی پرواز 22گھنٹے کی تاخیر کے بعد صبح 9 بجے روانہ ہوئی، قومی ایئر لائن کی اسلام آباد کوالالمپور کی پرواز پی کے 894 آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔کراچی ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کی 15 پروازوں میں تاخیر رپورٹ ہوئی ہے۔فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی گوادر تربت سکھر کی 6 پروازوں کی روانگی میں چار گھنٹے تک کی تاخیر ہے۔کراچی سے گوادر کی پرواز پی کے 503 کی دن 11 بجے جبکہ کراچی سے تربت کی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 501 کی روانگی شام 4 بجے متوقع ہے۔اسی طرح کراچی سے سکھر کی پرواز پی کے 536 کی روانگی میں پونے تین گھنٹے تاخیر ہے۔ کراچی لاہور کی پرواز پی ایف 142 کی روانگی میں 6 گھنٹے جبکہ اسلام آباد جدہ کی پرواز 801 کی روانگی میں 8 گھنٹے کی تاخیر کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں