PIA ریٹائر ملازمین کیلئے خوشخبری

لاہور (بیوروچیف) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی طبی سہولت سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے اپنے ریٹائرڈ ملازمین کو طبی سہولت سٹیٹ لائف انشورنس کے ذریعے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کو پینل پر ہسپتالوں میں میڈیکل سہولت ملے گی۔ سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کیلئے تحریری ہدایات جاری کر دی ہیں، ان کے میڈیکل میں لیبارٹری سہولتیں بھی شامل ہوں گی۔ کمپنی نے پینل پر موجود تمام ہسپتالوں اور لیباریٹریز کو اس حوالے سے ہدایت جاری کی ہیں۔ 23 دسمبر 2025 کو عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی جیتی اور گروپ نے 135 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی لگا کر ایئر لائن خریدی تھی۔ یکم جنوری 2026 کو معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے موجودہ ملازمین کے لیے اہم پیغام جاری کیا کہ ادارے کو منافع بخش بنانا اولین ترجیح ہے اس کے ملازمین کو تحفظ دیں گے کیونکہ انہی کی وجہ سے ہی دنیا کی نمبر دو کامیاب ایئر لائن بنی تھی۔ عارف حبیب نے کہا تھا کہ ملازمین کو واضح پیغام ہے کہ ملازمت کے مستقبل کا دارومدار کارکردگی پر ہوگا، جو کارکردگی دیکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا، معاہدے کے تحت ایئر لائن کا نام تبدیل نہیں کر سکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں