15

PMAکا مطالبات کیلئےFBRآفس کے باہر احتجاج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) فیصل آباد کے زیرِ اہتمام فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے اسپتالوں میں غیر اخلا قی اور غیر قانونی چیکنگ کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی ریلی کا آغاز الائیڈ ہسپتال فیصل آباد سے ہوا اور شرکا ایف بی آر آفس تک مارچ کرتے رہے۔اس احتجاج میں سینکڑوں ڈاکٹرز، کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایف بی آر کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اسپتالوں میں چیکنگ کے نام پر ڈاکٹروں اور مریضوں کو ہراساں کرنے کی سخت مذمت کی۔صدر پی ایم اے فیصل آباد ڈاکٹر رائے عارف نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کوئی کاروباری مراکز نہیں بلکہ علاج گاہیں ہیں جہاں ڈاکٹر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں، کوئی چیز فروخت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیمیں مریضوں کی پرائیویسی پامال کر رہی ہیں، ڈاکٹروں اور عملے کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور ایسا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جو مریضوں کے علاج میں براہِ راست رکاوٹ بنتا ہے۔ڈاکٹر رائے عارف نے مطالبہ کیا کہ اسپتالوں میں چیکنگ فوری طور پر بند کی جائے، ڈاکٹروں کے کلینکس اور اسپتالوں سے پوائنٹ آف سیل سسٹم ہٹایا جائے اور پی ایم اے سے مشاورت کے بغیر کوئی اقدام نہ کیا جائے۔ڈاکٹر طفیل محمد نے کہا کہ ڈاکٹروں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانے سے پہلے ایف بی آر افسران کا احتساب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر افسران کے پرتعیش طرزِ زندگی کا ان کی ظاہر کردہ آمدن سے موازنہ کیا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یکطرفہ کارروائیاں ناانصافی اور امتیازی سلوک کے مترادف ہیں۔پرائیویٹ ہاسپٹلز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر صولت نواز نے کہا کہ فیصل آباد کے نجی اسپتال اور ڈاکٹر آٹھ بازاروں کے تاجروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ٹیکس ادا کر رہے ہیں، اس کے باوجود ڈاکٹروں کو بلاجواز ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دینے والے شعبوں کی حوصلہ افزائی کے بجائے ایف بی آر کا رویہ افسوسناک ہے۔احتجاج کے اختتام پر پی ایم اے نے واضح کیا کہ اگر ایف بی آر نے ڈاکٹروں اور اسپتالوں کو ہراساں کرنا بند نہ کیا تو صوبائی اور ملکی سطح پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ پی ایم اے نے ڈاکٹروں کے وقار، حقوق اور پیشہ ورانہ آزادی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں