PP117کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنیکی یقین دہانی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما’ ٹکٹ ہولڈر حلقہ PP117 خواجہ محمد رضوان نے ڈویژنل کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر سے ملاقات کی اور حلقہ کی سڑکوں’ واسا سیوریج لائنوں اور سٹریٹ لائٹس کے ساتھ ساتھ حلقے کے دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا’خواجہ رضوان نے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے پر زور دیا اور کہا کہ حلقہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے’ بوسیدہ واسا سیوریج لائنوں کی جگہ نئی سیوریج لائنیں ڈالی جائیں اور جو واسا سیوریج لائنیں بند ہو گئی ہیں انہیں ہیوی مشینری سے صاف کیا جائے’ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی توجہ حلقے کی خراب سٹریٹ لائٹس کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ لائٹس خراب ہونے سے ڈرائیوروں اور راہ گیروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اس کے علاوہ سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے حلقے میں چوری’ ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے’ لہٰذا فوری طور پر حلقہ پی پی 117 کی سٹریٹ لائٹس چالو کی جائیں’ خواجہ رضوان نے کہا کہ حلقہ کے پارکس مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے کھنڈرات کا سماں پیش کر رہے ہیں’ پارکس کے ٹربائن خراب پڑے ہیں’ پانی نہ ہونے کی وجہ سے گھاس پھوس کا نام و نشان مٹ چکا ہے ‘ حلقے کے پارکس کی نئے سرے سے تزئین و آرائش کی جائے اور پی ایچ اے کو پابند کیا جائے کہ وہ حلقے کے پارکس کی مناسب دیکھ بھال کرے’ حلقے میں صفائی ستھرائی کا نظام بھی ابتر ہے’ ایف ڈبلیو ایم سی کے ذمہ داران افسران اپنی ڈیوٹی نبھاتے ہوئے صفائی ستھرائی کا نظام بہتر کریں’ حلقے کی بیشتر سڑکیں اور گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں انہیں بھی نئے سرے سے تعمیر کیا جائے’ ڈویژنل کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ٹکٹ ہولڈر حلقہ PP117 خواجہ محمد رضوان کے حلقے کے مسائل اطمینان سے سنیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کا عندیہ دیا’ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل حل کروانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات ہیں’ انشاء اللہ جلد ہی آپ کی نشاندہی پر مسائل حل کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں